بھٹکل 5 فروری (ایس او نیوز) رات کو گشت اور پہرہ دینے والی پولس پر حملہ کرنے کے الزام میں پولس نے تین لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر دو کی تلاش جاری ہے۔ واردات تعلقہ کے چوتنی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب قریب ڈیڑھ دو بجے پیش آئی۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ پولس کی ٹیم ہمیشہ کی طرح بدھ کی رات کو بھی اپنی ڈیوٹی نبھارہی تھی اور سڑکوں پر گشت کررہی تھی تو اُدھر چوتنی میں پانچ لوگ آوارہ گردی کرتے ہوئے پائے گئے، جب پولس نے اُن سے پوچھ تاچھ کرنے کی کوشش کی اور گھر جانے کے لئے کہا تو انہوں نے پولس پر ہی حملہ کردیا۔ حملے میں پولس کانسٹیبل سندیپ پٹگار کے ہونٹ اور ران میں شدید چوٹ لگی ہے اور انہوں نے سرکاری اسپتال سے مرہم پٹی کرائی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ جن پانچ لوگوں نے پولس والوں پر حملہ کیا تھا ان کی شناخت چوتنی کے ونائک پانڈورنگا نائیک (28)، شیوانند ستیش نائیک (26)، ستیش سننّیا نائیک (28)، رگھویندرا ماروتی نائیک (32) اور کرشنا پانڈورنگا نائک (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ پانچ ملزموں میں سے شیوانند ، ستیش اور کرشنا کو پولس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے، دیگردو لوگ فرار ہوگئے ہیں۔ اس معاملے کو لے کر بھٹگل ٹاون پولس تھانہ میں شکایت درج کرلی گئی ہے۔